کراچی کے سرکاری اسکولوں کے تیسری سے مڈل تک کے طلبہ سے امتحانی فیس وصول کرنے کے بعد اب رپورٹ کارڈ کے نام پر بھی فیس وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سلسلے میں گرلز ایلیمنٹری اسکولوں میں باقاعدہ سرکلر بھیجا گیا ہے جس میں اسکولوں کے سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ رپورٹ کارڈ کے نام پر ہر طالب علم سے 19 روپے وصول کریں
اور یہ رقم اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں (ایس ایم سیز) سے ادا کی جائیں۔ واضح رہے کہ رپورٹ کارڈ دو حصوں پر مشتمل ہوتا ہے جس کی قیمت 2 سے 3 روپے ہوتی ہے تاہم 19 روپے ایس ایم سی فنڈز سے وصول کرنے کا سرکلر حیرت انگیز ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گلبرگ کے اسکولوں سے امتحانی فیس کے نام پر 50 روپے، نئی کراچی اسکولوں سے 100 روپے، صدر اور لیاری ٹاؤن کے اسکولوں سے بھی 50 اور 100 روپے امتحانی فیس وصول کرنے کا انکشاف ہوچکا ہے
اور یہ رقم بھی ایس ایم سی فنڈز سے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن اب رپورٹ کارڈ کے نام پر بھی فیس وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ای ڈی او تعلیم ابراہیم کنبھر تمام معاملات کے بارے میں آگاہ ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کر رہے ہیں۔ شکریہ جنگ