گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول سائنس کی کلاسیں معدوم


گلشن ٹاؤن کے علاقے گلشن اقبال بلاک 6 میں واقع واحد گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں گزشتہ تین سال سے انٹر سائنس کی کلاسیں نہیں ہو رہی ہیں۔ طبیعات، کیمیا اور حیاتیات کی لیبارٹریز میں تالے پڑے ہیں۔ سائنس کے ٹیچرز آرٹس پڑھا رہے ہیں جس کی وجہ سے میٹرک سائنس کرنے والی طالبات اسکول چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ہائر سیکنڈری اسکول کی پرنسپل کی اسامی 19 گریڈ ک یہے لیکن یہاں او پی ایس پر 17 گریڈ کی سبجیکٹ اسپیشلسٹ بطور پرنسل تعینات ہیں اور ان کے ماتحت گریڈ 18 اور 19 کے سبجیکٹ اسپیشلسٹ، اسسٹنٹ پروفیسر اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز کام کر رہے ہیں۔ اسکول کی طالبات نے ”جنگ“ کو بتایا کہ 3 سال قبل اسکول میں باقاعدگی سے انٹر سائنس کی کلاسیں ہوتی تھیں لیکن انہیں بند کر یدا گیا۔ پرنسپل کی جانب سے ہمیں انٹر آرٹس پڑھنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
ڈی او سیکنڈری فیمل خورشید فاطمہ نے بتایا کہ پہلی مرتبہ یہ بات میرے علم میں لائی گئی ہے کہ وہاں انٹر سائنس کی کلاسیں نہیں ہو رہی ہیں۔ میں اسکول کا خود دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل کی اسامی 19 گریڈ کی ہوتی ہے مگر یہاں 17 گریڈ کی پرنسپل کا تعینات ہونا افسوسناک ہے
مگر یہ میرے دور سے قبل ہوا ہے۔ اسکول کی پرنسپل مبینہ قریشی نے کہا کہ دو تین طالبات کی وجہ سے سائنس نہیں چل سکتا ہمیں بورڈ کی فیس بھی دینا ہوتی جبکہ لیبارٹریز کے لئے آلات اور کیمیکل بھی نہیں ہیں لہٰذا سائنس پروگرام جاری رکھنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سبجیکٹ اسپیشلسٹ ہیں اور سندھ میں بہت سے عہدے سبجیکٹ اسپیشلسٹ کے پاس ہیں ا ور میرا کام کرنا کوئی نئی بات نہیں۔ شکریہ جنگ