سابق وفاقی وزیر تجارت اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) کے ریکٹر رزاق داؤد نے کہا ہے کہ ہمدرد یونیورسٹی کی کامیابیوں نے خود انحصاری پر ہمارے اس اعتماد کو پختہ کیا ہے کیونکہ اس یونیورسٹی نے بغیر کسی قابل ذکر بیرونی امداد کے اپنے ذرائع سے ترقی کی ہے- وہ ہمدرد یونیورسٹی کے دو روزہ چودھویں جلسہ تقسیم اسناد کے دوسرے دن کے تیسرے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جسلہ تقسیم اسناد کی صدارت یونورسٹی کے چانسلر سینیٹر ایس ایم ظفر نے کی۔ رزاق داؤد نے کہا کہ حکومت کو اس قومی کوشش میں جو ہمدرد یونیورسٹی انجام دے رہی ہے
اس وجہ سے ہاتھ بٹانا چاہیے کہ یہ یونیورسٹی انسانی وسائل میں ہر سال اضافہ کررہی ہے انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ کسی تجارتی ادارے کو چلانے سے زیادہ کسی یونیورسٹی کو چلانا زیادہ مشکل ہے -انہوں نے کہا کہ ان فارغ التحصیل طلبہ نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے سخت محنت کی ہے اور آج یہ دو دنیاؤں کے سنگم پر کھڑے ہیں -ایک خیالوں کی دنیا تھی اور ایک عمل کی دنیا ہے جس میں داخل ہورہے ہیں اور ہر طالب علم کے سامنے ایک چیلنج ہے کہ خیال و عمل کے درمیان توزان قائم کرے -
انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ سے کہا کہ وہ کہیں بھی جائیں مگر اس دنیا کو ہمیشہ یاد رکھیں جس سے وہ آج نکل کر جارہے ہیں -اپنی مادر علمی کا خیال رکھنا اور اس کی ہر طرح اعانت کرناان کا فرض ہے-قبل ازیں ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نسیم اے خان نے یونی ورسٹی کی رپورٹ پیش کی - چانسلر سینیٹر ایس ایم ظفر نے کہا کہ طلبہ کو ہر صورت اور ہر دور میں اپنے علم میں اضافہ کرنا ہے اس کے بغیر وہ آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں نیز اپنے اساتذہ کا بھی احسان مند رہنا ہے کہ جنہوں نے انہیں اس مقام پر پہنچایا ہے - اس موقع پر سعدیہ راشد نے مہمان خصوصی کو یونی ورسٹی کی شیلڈ پیش کی ۔دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر توانائی کے حصول کے لیے 800 سال تک کے لیے کافی ہیں -ہم نے ایک نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس ذخیرے سے توانائی حاصل کرنے کا منصوبہ 2004 میں بنایا تھا
جس پر اگلے ماہ سے عملدرآمد ہوگا - اس ٹیکنالوجی کے تحت زمین سے کوئلہ نکالنے کی ضرورت نہیں بلکہ ٹیوب ویل کی طرح ایک بڑا سا سوراخ تہ تک کرکے اس کے ذریعے کمپریسڈ ائیرداخل کی جائے گی جو کوئلے کو جلائے گی اور اس میں کول گیس سے بجلی بنائی جاسکتی ہے جس کی قیمت 5 روپے فی یونٹ ہوگی - اس طرح بجلی کی ضرورت پورے ملک کے لیے پوری ہوسکتی ہے - انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو کوئلے کے ذخائر ہیں وہ پورے مشرق وسطی بشمول عراق و ایران کے ذخائر سے زیادہ ہیں - انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈرون میزائل پورے برصغیر اور سنگاپور تک جاسکتے ہیں -شہید حکیم محمد سعید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کا 10سال کی عمرسے عقیدت مند ہوں جب میں اپنے والد کے ساتھ پہلی مرتبہ کراچی آیا تھا اور میری طبیعت خراب ہوگئی - میرے والدجن حکیم صاحب سے دوائی دلوائی جسے کھاکر میں شام تک ٹھیک ہوگیا وہ حکیم محمد سعید تھے - انہوں نے ادارہ ہمدردہمدرد یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے فارغ التحصیل طلبہ سے کہا کہ وہ بہتر تعلیم حاصل کرکے جارہے ہیں اب وہ قوم کی خدمت انجام دے کر اپنا حق ادا کریں - ہمدرد یونیورسٹی کے چودھویں کانووکیشن کے دوسرے دن کے دو ا جلاسوں میں جو یونیورسٹی کے چانسلر ایس ایم ظفر کی زیر صدارت میں منعقد ہوئے -پہلے اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹیلی کمیونیکیشنز الیکٹرانک میں ہمدرد یونیورسٹی اور اس کے ملحقہ ادارے عثمان انسٹی ٹیوٹ اوف ٹیکنالوجی کے 114 طلبہ کو جب کہ دوسرے اجلاس میں ہمدرد یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ اوف مینجمنٹ سائنسز کے 101 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں ۔شکریہ جنگ