اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا ہے کہ آئندہ امتحانات میں جنرل گروپ کے پرائیویٹ اور ریگولر طلبہ کے امتحانی پرچے ایک ہی شیڈول اور ایک ہی پرچے کے مطابق ہوں گے
اور ان پرچوں کے الگ الگ دینے کی روایت کو ختم کردیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت انٹر سال دوم آرٹس ریگولر، آرٹس خصوصی طلبہ اور ڈپلوما فزیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات برائے 2009 کے نتائج کے اعلان کے موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے منعقد کی گئی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال فیل ہونے والے طلبہ کے لئے الک پرچوں کی روایت کو بھی ختم کیا جارہا ہے اور ان کے رہ جانے والے پرچے بھی ریگولر طلبہ کے امتحانات کے ساتھ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال پرچے نئے طرز پر ہوں گے جبکہ تمام امتحانات میں پہلی 20 پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو دو سال تک پانچ سو روپے ماہانہ کے حساب سے وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سالانہ امتحانات کے لئے فارم لینے کی آخری تاریخ کے بعد فارم وصول کرنے کا طریقہ بھی ختم کیا جارہا ہے تاکہ امتحانی مراکز کے تعین میں مافیا کوئی کردار ادا نہ کرسکے، دریں اثناء سینئر اساتذہ پر مشتمل بورڈ کی معائنہ ٹیمیں نومبر کے وسط سے تعلیمی اداروں کا دورہ کرکے وہاں موجود سہولتوں کا جائزہ لیں گی تاکہ ان کے مطابق ہی امتحانی مراکز قائم کئے جاسکیں جبکہ بلیک لسٹ ہونے والے مراکز میں امتحانات نہیں لئے جائیں گے۔
شکریہ جنگ