v
معاشرے میں مثبت تبدیلی کا موجب صرف استاد ہی ہوتا ہے۔ صوبے بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں اور ان کے اساتذہ کی یکساں حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ یہ بات سینئر صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے ڈائریکٹوریٹ پراؤیٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ اور پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ کے اشتراک سے منعقدہ کیریئر گائیڈنس سیمینار اور تقریب تعریف حسن کارکردگی اساتذہ و ماہرین تعلیم کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ استاد کو اس کا اصل مقام دیا جائے۔ صوبائی سیکرٹری تعلیم سندھ صدیق میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے بچوں کو نئے شعبہ ہائے زندگی کی طرف راغب کرنا ہوگا۔ روایتی شعبوں میں بھی نئے رجحانات سے آگاہ کرنا چاہئے تب کہیں جا کر ہم اپنے ملک کو کارآمد نوجوان دے سکتے ہیں۔ تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر شہناز مظہر الحق نے کہا کہ کامیابی خدا کے فضل اور انسان کی اپنی محنت کے بعد اساتذہ کی مرہون منت ہوتی ہے۔ صدر تقریب آپا شمشاد پنہور نے کہا کہ ضلع دادو نے بیشمار کامیاب افراد پہلے بھی اس ملک کو دیئے ہیں اور آئندہ بھی اس ضلع سے بہترین سپوت پیدا ہوتے رہیں گے۔ پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر حیدر علی نے کہا کہ استاد بچوں کے لئے معلم، والدین کے لئے مشیر، اسکول کے لئے نصاب ساز اور سوسائٹی کے لئے ری فارمر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے اشتراک سے پیشہ ورانہ رہنمائی کی یہ مہم چلائی جائے گی۔
ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز منسوب حسین صدیقی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تربیت اور معاشی مستقبل سے مربوط ہونی چاہئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر رفیعہ ملاح، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اخلاق احمد، جاوید قاضی، پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں مغفور نجیب، شہزاد اختر، صادق حسین، مرتضیٰ شاہ، وارث شاہ اور ڈاکٹر فدا حسین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔شکریہ جنگ