ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ منسوب حسین صدیقی نے والدین کی شکایت پر ایسے نجی تعلیمی ادارے جو کلاس دہم کے بچوں سے اپریل سے جون تک کی فیس وصول کر رہے ہیں اور فیس ادا نہ کرنے والے طلباء و طالبات کے ایڈمٹ کارڈ جاری نہیں کئے ہیں۔ ان شکایات پر ڈائریکٹریٹ کی معائنہ ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا،
جن میں کراچی کیڈٹ اسکول جس نے فیس ادا نہ کرنے والے 22 بچوں کے ایڈمٹ کارڈ روکے ہوئے تھے جاری کروادیئے۔ اسکول انتظامیہ نے تحریری طور پر آئندہ قواعد و ضوابط پرعمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کے علاوہ گلستان جوہر کے ڈائمنڈ سٹی اسکول، نیو سینچری اسکول اور مارننگ گلوری اسکول کو کلاس دہم کے بچوں سے قواعد سے زائد فیس وصول کرنے پر اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن میں رپورٹ طلب کی ہے بصورت دیگر ایسے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید خالد شاہ نے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جو بھی نجی تعلیمی ادارہ 31 مارچ سے کلاس دہم کے بچوں سے زائد فیس وصول کرے گا ایسوسی ایشن اس کی مذمت کرے گی۔ پسما کے چیئرمین شرف الزماں نے اپنے بیان میں ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جو بھی نجی تعلیمی ادارہ قانون کی خلاف ورزی کرے گا ہم ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔ ایسے اداروں کی رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کی جائے۔
مانیٹرنگ ٹیموں کی کوآرڈینیٹر ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رفیعہ ملاح نے والدین کی طرف سے شکایات ملتے ہی معائنہ ٹیمیں اداروں میں روانہ کیں۔ ٹیم میں زہرہ محسن شاہ ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز، محمد صالح بھٹو ڈپٹی ڈائریکٹر، ذوالفقار بگھیو اخلاق احمد، اشرف علی دستی، عبدالرزاق قاضی، محمد علی سومرو، قاضی جاوید شامل ہیں۔ والدین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اگر کوئی ادارہ ایڈمٹ کارڈ روکتا ہے اور 31 مارچ سے زائد فیس وصول کرتا ہے ایسے اداروں کے خلاف تحریری طور پر درخواست ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ اسکولز شاہراہ لیاقت وومن گرلز کالج میں جمع کرا دیں تاکہ ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ والدین فون نمبر 99217484 پر بھی شکایت لکھوا سکتے ہیں۔
شکریہ جنگ