ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید انظار حسین زیدی نے کہا ہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت 3 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات میٹرک کے سالانہ امتحانات برائے 2010ء میں شریک ہونگے جن کا آغاز 24 مارچ سے ہوگا۔ 431 امتحانی مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں جن میں 241 طلباء اور 190 طالبات کے لئے ہونگے۔ 208 امتحانی مراکز نجی اسکولوں میں قائم کئے گئے ہیں۔ وہ بدھ کو بورڈ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری حور مظہر اور ناظم امتحانات کلیم اصغر کرمانی بھی موجود تھے۔
انظار حسین زیدی نے کہا کہ کرپشن کو روکنے کے لئے آئندہ سال سے تصاویر والی مارکس شیٹ جاری ہونگی جبکہ ڈگری اور مارکس شیٹ کی چھپائی کے لئے سیکورٹی پرنٹنگ پریس سے معاہدہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ میں دوران امتحانات موبائل جامرز لگا دیئے جائیں گے جبکہ موبائل فون لانے پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں قید افراد کے لئے ایک امتحانی مرکز سینٹر جیل کراچی میں قائم کیا گیا ہے۔
چیئرمین سید انظار حسین زیدی نے کہا کہ امتحانات کے پرامن انعقاد کے لئے محکمہ داخلہ سے انتظامات کی درخواست کر دی گئی ہے جبکہ نقل کے رجحان کی حوصلہ شکنی کے لئے اور شفاف امتحانات کے انعقاد کے لئے اسکولوں کے پرنسپلز، ہیڈ ماسٹر اور سینئر اساتذہ پر مشتمل 100 سے زائد نگراں کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ ہر نگراں کمیٹی 2 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ شکریہ جنگ