این ای ڈی یونیورسٹی کا تاریخی عمارات کا دورہ


ہمارا کراچی فاؤنڈیشن کی صدر اور سابق نائب ناظم نسرین جلیل کی جانب سے منائے جانے والے ”ہمارا کراچی فیسٹول“ کے حوالے سے جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی اولڈ کیمپس کے طلبا و طالبات نے کراچی کی مختلف قدیم اور تاریخی عمارات کا دورہ کیا۔ جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کی ڈائریکٹر دریہ قاضی اور این ای ڈی اولڈ کیمپس کے پروفیسر ڈاکٹر نعمان نے خصوصی تعاون کیا۔ طلبا و طالبات نے قائداعظم ہاؤس، فریئر ہال، کے ایم سی بلڈنگ، ہندو جیمخانہ، ٹرینٹی چرچ، سینٹ پیٹرک چرچ، خالقدینا ہال، ہنومان مندر، میکس ڈینسو ہال بلڈنگ، کے پی ٹی بلڈنگ، مہا دیو مندر کلفٹن اور دیگر اہم تاریخی عمارات کا دورہ کیا اور اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ 20 اور 21/مارچ کو بھی طلبا و طالبات کو تاریخی عمارات کی سیر کرائی جائے گی۔ اس موقع پر ہمارا کراچی فاؤنڈیشن کی صدر نسرین جلیل نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے شہر کے تاریخی ورثے سے آگہی ضروری ہے۔ شہر کے قدیم اور تاریخی ورثے کو محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس شہر کی تاریخ سے مکمل آگاہی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی عمارت سے ملنے والی قدیم اور تاریخی دستاویزات اور نقشہ جات کو محفوظ بنانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ شکریہ جنگ