امتحانات میں نقل روک تھام کیلئے سخت اقدامات


صوبائی محکمہ تعلیم نے 24مارچ سے شروع ہونیوالے میٹرک امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے سخت اقدمات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت دوران امتحانات مراکز کے قریب فوٹو اسٹیٹ مشینوں کی دکانیں بند رہیں گی، امتحانی مراکز پر رینجرز اور پولیس تعینات کی جائیگی اور اس سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ اور محکمہ داخلہ کی مدد حاصل کی جائیگی جبکہ ہوم سینٹرز بنانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس بات کی منظوری صوبائی سیکریٹری تعلیم صدیق میمن کی زیر صدارت تعلیمی بورڈ اور ای ڈی اوز تعلیم کے اجلاس میں دی گئی ۔ اجلاس میں سکھر، میرپورخاص اور لاڑکانہ کے چیئرمینوں نے شرکت کی۔ تاہم ان کے ناظمین امتحانات اجلاس میں موجود رہے۔
اجلاس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں کے برخلاف نجی اسکولوں کو امتحانی مرکز بنانے اور جونیئر افراد کو ویجیلنس ڈیوٹی دینے کے معاملے پر بھی بات ہوئی جس پر کہا گیا کہ کراچی میں 70فیصد طلبہ نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ لہٰذا امتحانی مرکز بناتے وقت انہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ سیکریٹری تعلیم صدیق میمن نے کہاکہ وہ نقل کی روک تھام کے سلسلے میں خود امتحانی مراکز کا دورہ کرینگے۔شکریہ جنگ