معروف مزاح نگار ڈاکٹر یونس بٹ نے کہا ہے کہ کامیڈی کو لائف اسٹائل سمجھتا ہوں، میرا ایک کامیڈی کوئین ہے، مجھے شعر یاد نہیں رہتے ۔انہوں نے ان خیالات کااظہار جیو ٹی وی کے پروگرام ”نادیہ خان شو“ میں کیا۔ نت نئے آئیڈیا زکے بارے میں انہوں نے کہا کہ اللہ نے ٹیلنٹ سب کو دیا ہے، سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انسان اب تک اپنے دماغ کا صرف 10-15فیصد ہی استعمال کرتا ہے۔ میں ڈاکٹری کے دوران 48گھنٹوں بعد تھک جاتا تھا لیکن اسکرپٹ لکھنے کے بعد تھکنے کے بجائے فریش ہو جاتا ہوں۔ کامیڈی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کامیڈی کو ایک لائف اسٹائل سمجھتا ہوں، ، کامیڈی صرف ہنسنے ہنسانے کا نام نہیں ہے، جیو نیوز کے پروگرام ”ہم سب امید سے ہیں“ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ابتدائی پروگراموں کے بعدوزراء کی جانب سے تنقید نہیں ہوئی تو میں یہی سمجھا کہ شاید انہیں سمجھ نہیں آئی لیکن جب دو تین ماہ ہم بند ہوئے تو پتہ چلا کہ وہ سب سمجھ رہے ہیں۔ اب تو منسٹرز کا فون آتا ہے کہ آپ چھوٹے لیڈروں پر کام کررہے ہیں اور ہم پر آپ نے کچھ نہیں بنایا؟۔اداکارہ وینا ملک کے پروگرام چھوڑ کر جانے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں کسی کا راستہ بند نہیں کرتا، میں نے اپنی ٹیم میں شامل تمام ممبران سے کہہ رکھا ہے کہ اگر انہیں مجھ سے بہتر کوئی بھی دوسرا آپشن نظر آئے جہاں وہ مزید آگے بڑھ سکتے ہوں تو وہ ضرور آگے بڑھیں۔ وینا کو وہ موقع اچھا لگا و وہ ادھر چلی گئیں۔ایک سروے سے معلوم ہوا کہ لوگ وینا کے بجائے مشرف اور دیگر سیاستدانوں کی پیروڈی زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ”ہم سب امید سے ہیں“ میں شامل گانوں کی پیروڈی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مجھے شعر یاد نہیں رہتے اور جو یاد رہ جاتے ہیں وہ شعر نہیں رہتے۔ اداکارہ میرا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میراکے ساتھ کام کرنے کے لئے کسی اسکرپٹ کی ضرورت نہیں ہے، صرف ایک عدد کیمرے کی ضرورت ہے۔ میرا ایک کامیڈی کوئین ہے۔
شکریہ جنگ