سندھ انسٹیٹیوٹ یورولوجی پری کانگریس ورکشاپ


جمعہ کو سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں یوروکون کی پہلی پری کانگریس ورکشاپ منعقد ہوئی۔ جس کا افتتاح پروفیسر احمد فواد، صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف یورولوجیکل سرجنز نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پراسٹیٹ کینسر موجودہ دور کا بڑا مسئلہ ہے جس میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے اور یہ دنیا میں ہونے والے کینسر کے امراض میں تیسرے نمبر پر ہے۔ عموماً 55 سال سے زیادہ عمر کے مرد حضرات اس مرض کا شکار ہوتے ہیں۔ ماہرین کی تجویز کے مطابق 55 سال سے زیادہ عمر کے مرد حضرات کو اپنا پی ایس اے ٹیسٹ کروانا چاہیے تاکہ پراسٹیٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج ہو سکے۔ ہائی انٹینسٹی فوکسڈ الٹراساؤنڈ موجودہ دور کا جدید ترین طریقہ علاج ہے جس میں الٹراساؤنڈ شعاعوں سے کینسر کو ختم کیا جاتا ہے۔ یورپ میں متعارف ہونے کے بعد پاکستان میں سیوٹ میں سب سے پہلے اس طریقہٴ علاج کو متعارف کرایا گیا ہے تاکہ اس جدید علاج سے ملک بھر کے لوگوں کو فائدہ ہوسکے۔ ورکشاپ میں غیرملکی ماہرین نے شرکت کی جس میں ترکی سے حسین لولوسی اور برسلز، بیلیجیم سے ڈاکٹر وی وی رونالڈ شامل ہیں جنہوں نے اس جدید طریقہٴ علاج کے ذریعے کینسر کے جدید علاج کے بارے میں آگاہی دی اور عملی مظاہرہ بھی کیا۔ ورکشاپ کل تک جاری رہے گی۔
شکریہ جنگ