صوبائی محکمہ تعلیم نے سندھ کے سرکاری اسکولوں کے لئے مختص اسکول مینجمنٹ کمیٹی (ایس ایم سی) فنڈز کو پرانے فارمولے کے تحت جاری کرنے پر غور شروع کردیا ہے ۔ جس کے تحت یہ فنڈ ماضی کی طرح اسکول انرولمنٹ کے حساب سے دیا جائے گا ۔ گزشتہ کئی برسوں سے ایس ایم سی فنڈز اسکولوں میں داخل طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے فراہم کیا جارہا تھا تاہم گزشتہ سال اس طریقہ کار کو تبدیل کردیا گیا تھا جس کے تحت پرائمری اسکول کو 22ہزار روپے ، ملڈل اسکول کو 50 ہزار جبکہ سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کو ایک لاکھ روپے فراہم کئے گئے جس پر مختلف طبقہ ہائے فکر کی جانب سے اعتراضات بھی کئے گئے کیونکہ سندھ میں ہزاروں اسکول ایسے ہیں جن کی انرولمنٹ بہت کم ہے خود کراچی میں سیکڑوں اسکول ایسے ہیں جن میں 10سے بھی کم طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ ریفارم سپورٹ یونٹ کے سربراہ سعید جمانی نے بتایا کہ ایس ایم سی کو اسکول انرولمنٹ کی بنیاد پر کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس حوالے سے مختلف فورمز پر بات بھی ہو چکی ہے ۔ تاہم حتمی فیصلہ محکمہ تعلیم کے حکام ہی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے فارمولے پر تنقید زیادہ ہوئی کیونکہ اس سے کم انرولمنٹ والے اسکولوں کو زیادہ فائدہ پہنچا اور زیادہ انرولمنٹ والے اسکول خسارے میں رہے لہٰذا اس تناظر میں پرانا طریقہ ہی بہتر ہے ۔ شکریہ جنگ