اندرون سندھ مختلف شہروں میں 23مارچ یوم پاکستان نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اس سلسلے میں تقریبات منعقد کی گئیں جن میں رہنماؤں، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے قرارداد پاکستان پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ریلیاں نکالی گئیں پاکستان نیوی کی طرف سے سکھر میں ایک روزہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ٹھٹھہ میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر یوم پاکستان منایا گیا۔ خیر پور میں یوم پاکستان کے موقع پر پولیس کو بڑا کھانا دیاگیا۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں کو اعلیٰ کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ملک کے دیگر حصوں کی طرح حیدرآباد میں بھی منگل کو یوم پاکستان انتہائی ملی جذبے کے تحت منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی‘ مذہبی اور دینی جماعتوں اور مختلف تنظیموں کی جانب سے اجلاس منعقد ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ضلع کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر پیپلز سیکریٹریٹ ڈسٹرکٹ کونسل میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پی پی پی حیدرآباد ضلع کے صدر و صوبائی وزیر زاہد علی بھرگڑی نے کی۔ سکھر… 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان نیوی کی جانب سے ایک روزہ تقاریب منعقد کی گئی۔ نیوی گراؤنڈ میں ڈی سی او سکھر عبدالمجید پٹھان اور کمانڈر نیوی ذوالفقار میمن نے پرچم کشائی کی، پاکستان نیوی کے جوانوں نے کشتی رانی کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ ریسکیو کا مظاہرہ بھی کیا اور بڑی تعداد میں لوگوں کو نیوی کے جوانوں نے کشتیوں کے ذریعے دریائے سندھ کی سیر کرائی جبکہ سکھر کے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تقریبات منعقد کی گئیں جس میں طلبہ و طالبات نے تقریری مقابلے اور کوئز پروگرام میں حصہ لیا۔ تعلیمی اداروں کے پرنسپل، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے 23مارچ قرارداد پاکستان پر روشنی ڈالی۔ دریں اثناء سکھر میں 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے مختلف سماعی، سیاسی اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے تقریبات منعقد کی گئیں جس کے دوران قرارداد پاکستان پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں سب مل کر اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔دریں اثناء تنظیم فکر نظر سندھ کے زیراہتمام یوم پاکستان کی تقریب منعقد کی گئی جس میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا محمد مراد ہالیجوی، شیخ الحدیث قاری خلیل احمد سمیت دیگر مقررین نے بھی یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے خطاب میں قرارداد پاکستان کو اجاگر کیا۔ خیر پور… یوم پاکستان پر پولیس ہیڈ کوارٹر خیر پور میں بڑا کھانا تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام ڈی پی او خیر پور سید پیر محمد شاہ نے کیا تھا۔ شہباز رینجرز کے کرنل عبدالغفار ضلع ایڈمنسٹریٹر خیر پور محمد عباس بلوچ اور بڑی تعداد میں معززین شہر شریک ہوئے۔ تقریب میں پولیس کے 75 جوانوں کو ان کی فرض شناسی اور بہتر کارکردگی پر ایوارڈ نقد انعامات اور اعزازات دیئے گئے جن پولیس اہلکاروں کو اعزازات و انعامات دیئے گئے ان میں 13پولیس انسپکٹر 11سب انسپکٹر اور دیگر اہلکار شامل تھے۔ ٹھٹھہ… پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یوم پاکستان ٹھٹھہ میں سرکاری سطح پر منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پولیس گراؤنڈ مکلی میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ضلعی ایڈمنسٹریٹر و ڈی سی او منظور علی شیخ تھے۔ تقریب کی انفرادیت پہلوان فاضل چانڈیو کا کمر سے 15من وزنی پتھر اٹھانے کے ساتھ ساتھ دانتوں سے بیک وقت تین گاڑیوں کو ڈرائیور سمیت کھینچنا تھا جبکہ میر محمد پلیجو نے دو گاڑیوں کو دانتوں سے کھینچ کر حیران کر دیا۔ روہڑی… ملک بھر کی طرح روہڑی اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں یوم پاکستان پورے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور اس عہد کی تجدید کی گئی کہ ملک کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے سمیت دیگر چیلنجوں سے نجات دلانے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ دن کے آغاز پر مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام ہوا جس میں ملک کی سلامتی و استحکام، بیروزگاری، مہنگائی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے علمائے کرام اور خطیبوں نے دعائیں کیں۔ بعدازاں تحریک پاکستان کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ہنگورجہ… یوم پاکستان کے موقع پر انجمن تاجران کی جانب سے ملک قیوم، ملک خالق، عمران علی، شعبان کمبوہ کی قیادت میں پریس کلب تک ریلی نکالی۔ ہالا… ہالا سمیت ضلع مٹیاری میں یوم پاکستان کی سرکاری طور پر کوئی تقریب منعقد نہ ہو سکی تمام تعلیمی، بلدیاتی اور دیگر اداروں نے قرارداد پاکستان کی تعطیل سے استفادہ کیا تاہم بزرگ مسلم لیگی رہنما عبدالجبار راجپوت، ممتاز بھٹی نے نیو سعید آباد میں جمشید راجپوت کی جانب سے ہالا میں منعقدہ تقریبات سے عبدالجبار پگی، عبدالمجید، ممتاز علی اور دیگر نے خطاب کیا۔