انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے ایم فل الاؤنس کے خاتمے کی تجویزکو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی کوئی تجویز جامعہ کراچی کے اساتذہ کو قبول نہیں ہوگی۔ یہ بات انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس میں کہی گئی جس کی صدارت ڈاکٹر عابد حسنین نے کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پنجاب میں پی ایچ ڈی الاؤنس 10 ہزار روپے ماہانہ دیا جا رہا ہے جبکہ سندھ میں تاحال اساتذہ کو 5 ہزار روپے ماہانہ الاؤنس مل رہا ہے۔ اجلاس میں شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے قیام کے معاملے کو قوائد و ضوابط کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اسے پہلے اکیڈمک کونسل میں پیش کیا جائے اور سینڈیکیٹ میں براہ راست لانے سے گریز کیا جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایسے احکامات تسلیم نہ کرے جو کسی اور جامعہ میں نافذ نہ ہوں۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ جامعہ میں قائم کسی انسٹیٹیوٹ کی Statutes کی تشکیل یا ان میں ردو بدل اس انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ کی رائے کی روشنی میں کی جائے۔ شکریہ جنگ