جامعہ کراچی میں دو پرو وائس چانسلر مقرر کرنے کے سلسلے میں جامعہ کراچی کی دو سینئر خواتین پروفیسرز کے انٹرویو گورنر ہاؤس میں ہوگئے۔ جمعرات کو شعبہ سیاسیات میں سابق سربراہ ڈاکٹر تنویر خالد نے گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ممتازالرحمن سے ملاقات کی جبکہ دو روز قبل ڈین آف سائنس ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے بھی پرنسپل سیکرٹری سے ملاقات کی۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم گزشتہ ماہ مشیر امتحانات ڈاکٹر ناصر خان کا نام بطور پرو وائس چانسلر پہلے ہی بھیج چکے ہیں
تاہم گورنر ہاؤس کے حکام جامعہ کراچی میں ایک خاتون پرو وائس چانسلر کا تقرر بھی چاہتے ہیں۔ جامعہ کراچی کے ایکٹ میں ایک پرووائس چانسلر کا ذکر ہے۔ گورنر سندھ کی جانب سے ایکٹ میں ترمیم کے لیے گزشتہ سال محکمہ تعلیم کو سمری بھیجی گئی تھی جس میں ایک سے زیادہ پرووائس چانسلر کے تقررکا ذکر تھا تاہم اسے محکمہ قانون نے مسترد کردیا جس کے بعد گورنر ہاؤس کے حکام نے فیصلہ کیا کہ جامعہ کراچی میں کیمپس کی بنیاد پر دوسرا پرووائس چانسلر مقررکیا جائے، جیسا کہ این ای ڈی اور سندھ یونیورسٹی میں کیا جاچکا ہے جہاں دو پرووائس چانسلرکیمپس کی بنیاد پرکام کر رہے ہیں، لہٰذا جامعہ کراچی میں دوسرا پرووائس چانسلرگلستان جوہر میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف کلینیکل سائیکالوجی کے لیے ہوگا اور وہاں خاتون پرووائس چانسلر ہوں گی اور جامعہ کراچی کے اکیڈمک امور ان کے پاس ہوں گے
جبکہ ڈاکٹر ناصر خان پرووائس چانسلر ہونے کے بعد امتحانات اور الحاق شدہ کالجز کے معاملات دیکھیں گے۔ گورنر ہاؤس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شاہانہ عروج خاتون پرووائس چانسلر کے لیے مضبوط امیدوار ہیں تاہم حتمی فیصلہ گورنر سندھ ہی کریں گے اور جب تک گورنر سندھ خاتون پرووائس چانسلرکا انتخاب نہ کرلیں اس وقت تک ناصر خان کا بطور پرووائس چانسلر نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا۔
شکریہ جنگ