حسین ابراہیم جمال ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی کو اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ایک لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے آئی ڈی بی پرائز برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے منتخب کرلیا گیا۔ اسلامی بینک کی جانب سے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ کواسلامی دنیا کا سب سے بہترین سائنسی ادارہ قرار دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق تقسیم انعامات کی باضابطہ تقریب آذربائیجان کے شہر باکو میں 23 تا 24 جون 2010ء منعقد ہوگی۔ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے سربراہ ڈاکٹر احمد محمد علی نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسرڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ آئی ڈی بی پرائز برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کی سلیکشن کمیٹی نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے۔ ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں گرانقدر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آئی ڈی بی پرائز برائے سائنس اور ٹیکنالوجی دیا جائے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے پوری قوم، ادارے کے سربراہ ڈاکٹر اقبال چوہدری اور دیگر اسٹاف کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
کیل اور مہاسوں کے نشانات جدید لیزر سسٹم سے ختم کیے جا سکتے ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فریکشنل کاربن ڈائی آکسائیڈ لیزر سسٹم، چہروں کے بدنما نشانات کے خاتمے کا جدید اور موثر علاج ہے۔ یہ بات کاسموٹولوجسٹ ڈاکٹر حنیف سعید نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے چہروں پر کیل مہاسوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے نشانات اور گڑھے ان کے چہروں کو بدصورت بنا دیتے ہیں۔
طویل عرصے کی تحقیق کے بعد گزشتہ دہائی میں امریکی اور کورین سائنس دانوں کی مشترکہ کوششوں سے فریکشنل کاربن ڈائی آکسائیڈ لیزر سسٹم کے نتیجے میں اس کا مستقل حل مل گیا اور اب پاکستان میں بھی اس کا علاج ممکن ہوگیا۔ یہ باتیں انہوں نے حاجی سعید میموریل ہیلتھ ٹرسٹ کے زیر اہتمام بہادرآباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ سیمینار میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ جلدی امراض کے ماہر ڈاکٹرز بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر حنیف سعید نے بتایا کہ اس سائنسی طریقہ علاج کے کوئی منفی اثرات نہیں ہیں۔ شکریہ جنگ