لال قلعہ گرامر اسکول و کالج نارتھ میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم اور صوبائی وزیر اوقاف عبدالحسیب تھے۔ تقریب کی صدارت سیکرٹری آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کی۔ دیگر مہمانوں میں محمود احمد خان، علامہ شاہ فیروز الدین رحمانی، اظفر رضوی، سید یوسف علی، کلثوم سلطان اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر اسکول کے طلبہ نے ٹیبلوز اور خاکے پیش کئے۔ تقریب میں مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو جدید تعلیم سے بہرہ ور کریں اور ان کو تیز رفتار ترقی میں حصہ لینے اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کریں۔ صوبائی وزیر اوقاف عبدالحسیب نے کہا کہ تعلیم کی اشاعت و ترویج عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ قوموں کی ترقی کا راز انتھک محنت اور حصول تعلیم میں پنہاں ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر قوم کے بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں۔ انجینئر سید علی حیدر نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کا کردار ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے ۔ منسوب حسین صدیقی نے کہا کہ ہے کہ نجی تعلیمی ادارے تحریک ”تعلیم سب کے لئے“ کو مدنظر رکھ کر علم کی روشنی بلاامتیاز گھر گھر پھیلا رہے ہیں۔
شکریہ جنگ