کراچی بورڈ آرٹس گروپ پرائیویٹ سالانہ امتحانات اعلان نتائج کی تقریب


کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئندہ انٹر کے سالانہ امتحانات کی سطح پر ریگولر اور پرائیویٹ امیدواروں کے امتحانی پرچے یکساں نوعیت کے اور ایک ہی ٹائم ٹیبل کے ساتھ ہوں گے۔
اس بات کا اعلان اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ٹو (بارہویں کلاس) آرٹس گروپ پرائیویٹ سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کی تقریب میں صدارتی تقریر کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان نتائج کو بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی دیکھا جا سکتا ہے
جبکہ نئے نظام کے تحت آئندہ چند روز میں اس ویب سائٹ پر امتحانات سے متعلق تمام فارمز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کر دی جائے گی جس کے بعد طلبہ ان فارمز کو بینک میں جمع کرا کے بورڈ کی ون ونڈو سے مطلوبہ دستاویز حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ طلبہ کے ان نتائج کے تحت پہلی بیس پوزیشن حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو بورڈ کی جانب سے دو سال تک پانچ سو روپے ماہانہ کی شرح سے وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے تمام پرچے بھی نئے طرز کے ہونگے اور معروضی پرچے امتحان شروع ہونے کے 20 منٹ کے بعد واپس لے کر سیل کر دیئے جائیں گے جبکہ ہر پرچے کے 5 پرچے ہونگے جو ایک دوسرے سے سوالات کی ترتیب کے اعتبار سے مختلف ہونگے تاکہ نقل پر قابو پانے کا ایک اور اقدام کیا جا سکے۔ پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا بینک سروس چارجز نہیں لیں گے جبکہ فرسٹ ایئر کے نتائج آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے سے جاری ہونا شروع ہو جائیں گے

شکریہ جنگ