گورنر ہاؤس سندھ میں طلبہ کی سحری


کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی، ٹیکنیکل بورڈ اور مختلف جامعات کے طلبہ اور کارکنوں کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے جمع کیے جانے والے کپڑوں کے تحائف کی پیکنگ میں عملی خدمات انجام دینے پر انہیں سراہا اور ان کی مجموعی کارکردگی کی نہایت تعریف کی ہے۔ گورنر سندھ نے صبح ساڑھے 3 بجے گورنر ہاؤس کے سبزہ زار پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری رات جاگ کر انہوں نے عید کے موقع پر تحائف کی پیکنگ میں حصہ لے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ متاثرین سیلاب کے ساتھ ہیں۔ اس سے قبل اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے گورنر کو بتایا کہ ان کے بورڈ کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے خورد و نوش پر مشتمل اشیاء کے پیکٹس کے ٹرک روانہ کیے جا چکے ہیں ۔
اس کے علاوہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز نے گورنر سندھ کی ہدایت پر 30 لاکھ روپے سٹیزن پولیس لیاژن کمیٹی کے ریلیف فنڈ میں جمع کرا دیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر بورڈ کے کارکنوں کی جانب سے بھی انفرادی طور پر 5 دن کی تنخواہ کے علاوہ 50 ہزار روپے بھی امداد کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین سعید صدیقی بھی موجود تھے۔ بعدازاں تمام فراد نے گورنر ہاؤس میں ہی سحری کی جس کا انتظام گورنر ہاؤس کی جانب سے کیا گیا تھا۔
شکریہ جنگ