کراچی : اسپیکر سندھ اسمبلی و قائم مقام گورنر سندھ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ یوم ثقافت کے موقع پر ملکی اور غیرملکی شعراء اور ادیبوں کا کراچی میں ہونا خوش آئند ہے۔ ادیب بھی تہذیب اور ثقافت کا اہم جزو ہے۔
یہ بات انہوں نے تیسری عالمی اردو کانفرنس کے مندوبین کے اعزاز میں اپنی جانب سے سندھ اسمبلی لان میں دیئے گئے عشائیہ میں کہی۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کے اعزازی سیکریٹری محمداحمدشاہ، افتخار طارق، شازیہ مری، صوبائی وزیر ثقافت سسی پلیجو، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا،ڈاکٹر ضیاء الحسن، حبیب جنیدی، سحر انصاری، تاج حیدر، فیصل سبزواری، شہناز صدیقی، سعید غنی اور دیگر شعراء اور ادیب بھی موجود تھے۔ قائم مقام گورنر سندھ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل کراچی لائق تحسین ہے کہ ثقافت، ادب اور تہذیبی اقدار کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے۔
تیسری اردو عالمی کانفرنس بھی قبل ازیں منعقدہ دو کانفرنسوں کی طرح مثبت نتائج کی حامل اور اردو کے پھیلاؤ میں موثر کردار ادا کرے گی۔ اس کانفرنس کے شرکاء نے ہمارے شہر کی رونق میں اضافہ کیا اور ثقافت کی ترویج میں اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔ تقریب میں آرٹس کونسل کے اعزازی سیکریٹری محمداحمدشاہ نے بھی خطاب کیا اور شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔